ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بحرین: مرکزی اپوزیشن گروپ کو تحلیل کرنے کے لیے کارروائی شروع

بحرین: مرکزی اپوزیشن گروپ کو تحلیل کرنے کے لیے کارروائی شروع

Mon, 06 Mar 2017 22:34:20    S.O. News Service

منامہ6مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)خلیجی ریاست بحرین میں وزارت انصاف نے ملک کے سب سے بڑے اپوزیشن گروپ کو تحلیل کرنے کے لیے عدالتی کارروائی شروع کر دی ہے۔ چھ مارچ کو دائر کیے گئے مقدمے کے مطابق یہ سیکولر اپوزیشن گروپ ملک میں ’دہشت گردی کی حمایت‘ کرتا ہے۔بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی بی این اے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات میں دبئی سے پیر چھ مارچ کے روز موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس سلسلے میں ملکی وزارت انصاف نے آج دائر کیے گئے ایک مقدمے میں بنیاد اس بات کو بنایا ہے کہ نیشنل ڈیموکریٹک ایکشن سوسائٹی نامی سیکولر اپوزیشن گروپ ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہو رہا ہے۔نیوز ایجنسی روئٹرز نے لکھا ہے کہ بحرین کی وزارت انصاف کے مطابق اس اپوزیشن گروپ پر ملک میں مروجہ قوانین کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کی حمایت کرنے کے علاوہ یہ الزام بھی ہے کہ وہ دہشت گردی کے جرم میں سزا یافتہ مجرموں کو ہیرو بنا کر پیش کرتے ہوئے ’تشدد اور بدامنی پھیلانے کی توثیق‘ کا مرتکب بھی ہو رہا ہے۔اس مقدمے میں وزارت انصاف نے ملکی عدلیہ سے درخواست کی ہے کہ اس اپوزیشن گروپ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے تحلیل کر دیا جائے۔ روئٹرز نے لکھا ہے کہ وزارت انصاف کا الزام ہے کہ یہ لادین اپوزیشن گروپ، جو عربی زبان میں مختصراََ’وعد‘ کہلاتا ہے، ملک میں ’قانون کی حکمرانی کی شدید نوعیت کی مسلسل خلاف ورزیوں‘ کا مرتکب ہوا ہے۔بحرین میں حکام گزشتہ چند ماہ کے دوران ملکی اپوزیشن پر اپنے دباؤ میں واضح طور پر اضافہ کر چکے ہیں۔ آج دائر کیے گئے مقدمے سے قبل گزشتہ برس حکومت نے ملک کے سب سے بڑے اپوزیشن گروپ ’الوفاق‘ پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے بحرین کے اعلیٰ ترین شیعہ مذہبی رہنما کی شہریت بھی منسوخ کر دی تھی۔بحرین کے بارے میں اہم بات یہ ہے کہ وہاں کی آبادی میں شیعہ مسلمانوں کی اکثریت ہے جبکہ وہاں اقتدار سنی مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے شاہی خاندان کے پاس ہے۔ دو ہزار گیارہ میں ’عرب اسپرنگ‘ کے دوران کئی ممالک میں نظر آنے والی عوامی احتجاجی تحریکوں کے دوران بحرین میں بھی مظاہرے شروع ہوئے تھے تاہم تب حکومت نے انہیں ہمسایہ خلیجی عرب ریاستوں کی سیاسی اور عسکری مدد سے پوری طاقت سے کچل دیا تھا۔اس کے بعد سے بحرین کی شیعہ مسلم اکثریت کافی حد تک خوف کا شکار ہے۔ اس خوف میں خاص طور پر اسی سال اس وقت اضافہ ہوا، جب تین ایسے افراد کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا، جنہیں یہ سزائیں 2014ء میں پولیس اہلکاروں پر ایک ہلاکت خیز بم حملے کے جرم میں سنائی گئی تھیں۔ان تازہ خونریز واقعات میں اب تک دو پولیس اہلکاروں کو گولی مارکرہلاک کیاجاچکاہے جبکہ تین مبینہ مفرور عسکریت پسند بھی پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں۔بحرین کی طرف سے ایران پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ مبینہ طور پر اس خلیجی ریاست میں شیعہ مسلمانوں کو ریاست کے خلاف پرتشدد کارروائیوں پر اکسا رہا ہے۔ تہران میں ایرانی رہنما اس الزام کی بھرپور تردید کرتے ہیں۔اسی دوران کل اتوار پانچ مارچ کے روز بحرین میں ایک اعلیٰ حکومتی مشاورتی ادارے نے یہ اجازت بھی دے دی تھی کہ ملکی فورسز ایسے عام شہریوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمے چلا سکتی ہیں، جن پر قومی سکیورٹی دستوں پر حملوں کا الزام ہو۔
 


Share: